اسلام آباد(آئی پی ایس) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ تاجروں اورسرمایہ کاروں کو سہولتوں کی فراہمی پہلی ترجیح ہے، ملک میں معاشی اصلاحات کا عمل جاری ہے، 10 سے 15 فیصد لوگ ڈیجیٹل کاروبار سے منسلک ہیں، مستقبل میں ڈیجیٹل اثاثوں کا رجحان بڑھے گا، ڈیجیٹل سرمایہ کاری کیلئے ریگولیشنز کو بہتر بنانا ہوگا، وقت کے تقاضوں کے مطابق معیشت کو ڈھالنا ہوگا، کرپٹو مائننگ بھی حکومت کے زیر غور ہے۔
وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، معاشی اصلاحات کا عمل جاری ہے، تاجروں اور سرمایہ کاروں کو سہولیات کی فراہمی ترجیح ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ملک میں 10 سے 15 فیصد لوگ ڈیجیٹل کاروبار سے مستفید ہورہے ہیں،مستقبل میں ڈیجیٹل اثاثوں کا رجحان بڑھے گا، ڈیجیٹل سرمایہ کاری میں شفافیت کو یقینی بنانا ہوگا۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ معیشت کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالنا ہوگا، ڈیجیٹل سرمایہ کاری سستی، برق رفتار اور شفاف ہے، حکومت کرپٹو مائننگ پر بھی غور کررہی ہے۔